(سید شہباز علی)مستقبل کالائحہ عمل طے کرنے کے لئے قومی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس اس ہفتے ہوگا، اجلاس میں مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے حکمت عملی بنائی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ کے مستقبل کی حکمت عملی طے کرنے کے لئے چیف سلیکٹر مصباح الحق کی زیرصدارت سلیکشن کمیٹی کا اجلاس رواں ہفتے جمعرات یا جمعہ کے روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوگا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں تمام صوبائی کوچز کے پلان کو حتمی شکل دی جائے گی، اجلاس میں بنگلہ دیش کے پاکستان آنے یا نہ آنے دونوں صورتوں کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق دورہ بنگلہ دیش کی منسوخی کی صورت میں پی ایس ایل سے قبل ٹرینبگ کیمپ کی تجویز زیر غور ہے اس کیمپ کے دوران پاکستان الیون اور ریسٹ آف پاکستان الیون کی ٹیموں کے درمیان سیریز کروانے کی تجویز پر بھی غور کیا جارہا ہے۔
سلیکشن کمیٹی کے اجلاس میں تمام صوبائی کوچز اپنی ٹیموں کے کھلاڑیوں کی فٹنس رپورٹ بھی پیش کریں گے، اس کے ساتھ صوبائی کوچز کے پلان پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔