ویب ڈیسک : وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کسی فرد یا گروہ کی جانب سے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش قطعاً گوارا نہیں کی جائے گی۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہجوم کے تشدد کو نہایت سختی سے کچلا جائے گا۔ ٹویٹر پر جاری کیے گئے بیان میں وزیرِ اعظم عمران خان نے یہ بات کہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ کسی فرد یا گروہ کی جانب سے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے آئی جی پنجاب سے میاں چنوں واقعے کے ذمے داروں کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔
کسی فرد/گروہ کیجانب سے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش قطعاً گوارا نہیں کی جائے گی چنانچہ انبوہی تشدد (Mob lynchings) کو نہایت سختی سےکچلیں گے۔میں نےIG پنجاب سےمیاں چنوں واقعےکےذمہ داروں اور فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہنےوالےپولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی تفصیلات طلب کی ہیں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) February 13, 2022
واضح رہے کہ 12 فروری کو سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میاں چنوں کے گاؤں جنگل ڈیرہ میں مغرب کی نماز کے بعد اس طرح کے اعلانات ہوئے کہ ایک شخص نے قرآن کے اوراق پھاڑ کر انہیں نذرِ آتش کردیا، اعلانات سن کر سیکڑوں مقامی افراد جمع ہوگئے۔
پرتشدد ہجوم نے مبینہ ملزم کی کوئی بات نہیں سنی اور اسے پہلے درخت سے لٹکایا اور پھر اینیٹیں مار مار کر قتل کردیا۔ ایک شخص کا کہنا ہے کہ پولیس ٹیم نے گاؤں پہنچ کر ملزم کو حراست میں لے لیا تھا لیکن ہجوم نے اسے ایس ایچ او کی حراست سے چھین لیا۔ واقعہ پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی آئی جی پنجاب سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ایف آئی آر میں قتل کیے گئے شخص کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر شہری کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔