(زین مدنی ) معروف اداکار فیصل قریشی اپنے نئے ڈرامے میں روایتی وڈیرے کا کردار نبھائیں گے، اس ڈرامے کے نام کا تو اب تک اعلان نہیں ہوا تاہم اس ڈرامے کے کئی ٹیزرز یوٹیوب پر جاری کئے جاچکے ہیں۔
ڈرامے میں فیصل قریشی نے طاقتور وڈیرے کا کردار نبھایا ہے جبکہ مدیحہ امام ایک آر جے بنی ہیں، ٹیزرز میں دکھایا گیا کہ فیصل قریشی مدیحہ امام کے شو پر انٹرویو دینے کیلئے پہنچتے ہیں جہاں وہ انہیں پسند کرلیتے ہیں بعد ازاں وہ مدیحہ امام سے زبردستی شادی کرلیتے ہیں جس کے بعد ڈرامے کی اصل کہانی کا آغاز ہوگا۔
اس حوالے سے انٹرویو میں فیصل قریشی نے انکشاف کیا کہ ان کا کردار بہت منفرد ہے، نہ تو اسے مکمل طور پر منفی کہا جائے گا اور نہ ہی یہ بالکل مثبت ہوگا، ڈرامے میں عائشہ گل فیصل قریشی کی پہلی اہلیہ بنی ہیں، سبینہ فاروق بیٹی کا کردار نبھاتی نظر آئیں گی، ڈرامے میں ہارون شاہد، علی انصاری، سیفی حسن اور فضیلہ قیصر بھی اہم کردار نبھارہے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ پہلا ڈرامہ نہیں جس میں فیصل قریشی اور مدیحہ امام ایک ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے،اس سے قبل ان دونوں نے ’’بابا جانی‘‘ نامی ڈرامے میں بھی ایک ساتھ کام کیا تھا، فیصل قریشی مختلف ڈراموں میں اداکاری کے جو ہر دکھا چکے ہیں جن میں جہیز، دیور، آخری بارش، آنسو، مانے نہ یہ دل، عشق عبادت، میرا یقین، اندھیرا اُجالا،سبز پری لال کبوتر، خوشبو کا گھر ، وعدہ ، آشتی، میں عبدالقادر ہوں، من کے موتی ، حیوان، مریم، میرا سائیں، رنگ لگا،زخم، بھیگی پلکیں،خلش، قید تنہائی،ادھوری عورت، میری ذات ذرہ بے نشان، بشر مومن اور مول ہیں۔