(راﺅ دلشاد، طاہر جمیل) میٹروپولیٹن کارپوریشن کے شعبہ پلاننگ اور محکمہ اینٹی کرپشن نےبغیر نقشہ تعمیر پر شہر میں 25غیرقانونی شادی ہالز سیل کردیئے ۔
تفصیلات کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن کے شعبہ پلاننگ اور محکمہ اینٹی کرپشن نے کریک ڈاؤن کے دوران شاد باغ عامر روڈ پر 7 شادی ہالوں کوسربمہر کر دیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر انویسٹی گیشن محکمہ اینٹی کرپشن شاہ رخ نیازی اور پلاننگ آفیسر ایم سی ایل عامر صفدر نے کارروائی کی۔ جن شادی ہالز کو سیل کیا گیا ان میں چودھری میرج ہال، لاہور پیلس، کوہ نور میرج ہال، التاج میرج ہال، جنجوعہ میرج ہال، شہنائی میرج ہال اور علی میرج ہال شامل ہیں۔
زیڈ او پی شالیمار زون کا کہنا تھا غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی ڈی جی اینٹی کرپشن کی ہدایت پر کی جارہی ہے۔ سربمہر کیے گئے شادی ہالوں کے نقشہ جات منظور نہیں تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوٹسز وصول کرنے والے بعض شادی ہال مالکان نقشے منظور کرانے اور کمرشلائزیشن فیس ادا کرنے کو تیار ہیں ان کے خلاف کارروائی مؤخر کردی گئی ہے۔ زون میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف بلاتفریق کارروائی جاری رکھیں گے۔عزیز بھٹی زون میں راجباہ روڈ پر 18 شادی ہال سر بمہر کردیئے گئے۔ آپریشن زونل آفیسر پلاننگ شالیمار زون معصومہ اکرم کی ہدایت پر انسپکٹر پلاننگ طارق سعید کی قیادت میں کیا گیا۔
زون انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سربمہر کیے گئے شادی ہالوں کو پراپرٹی کمرشلائز کرنے اور واجبات ادا کرنے کے متعدد نوٹس دیئے گئے تاہم کسی نے اس مسئلے کو سنجیدگی سے نہیں لیا جس پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔