لاہور (سٹی 42)نیا بھر میں شہرت پانے والی پاکستان کی سینئرو معروف قانون دان اور انسانی حقوق کی علمبردار عاصمہ جہانگیر کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نماز جنازہ جماعت اسلامی کے بانی سید ابولاعلیٰ مودودی کے فرزند حید ر فاروق مودودی نے پڑھائی جس میں بڑی تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق عاصمہ جہانگیر کی نماز جنازہ قذافی سٹیڈیم لاہور میں اداکی گئی ہے،میت کو گلبرگ میں واقع ان کی رہائش گاہ سے قذافی سٹیڈیم لایا گیا،اس موقع پر بڑی تعداد میں سول سوسائٹی کے نمائندے،سیاستدان،صحافی، قانون دان اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے، عاصمہ جہانگیر کے جسد خاکی کو فل پروف سیکیورٹی کے ساتھ لا یا گیا ،خواتین کی بڑی نے آخری دیدار بھی کیا۔
قذافی سٹیڈیم میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد عاصمہ جہانگیر کی میت کو تدفین کے لیے سیکیورٹی کے ہمراہ بیدیاں روڈ پر واقع ان کے فارم ہاوس لے جا یا جا ئے گا، عاصمہ جہانگیر کو ان کے فارم ہاوس میں ہی دفنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ عاصمہ جہانگیر دو روز قبل 66 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئیں تھیں۔