(ویب ڈیسک) مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے شوگرملز ایسوسی ایشن پر 44 ارب روپے کا جرمانہ کردیا ، شوگر مل ایسوسی ایشن کو 2 ماہ میں جرمانےکی رقم ادا کرنےکی ہدایت کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سی سی پی نے شوگر ملز پر مسابقتی ایکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا ، سی سی پی نے شوگر ملز کے خلاف تحقیقات کیں، شوگر ملز کو گٹھ جوڑ کے ذریعے چینی کی قیمت مقررکرنے پرجرمانہ عائد کیاگیا۔اعلامیے کے مطابق شوگر ملز کو گٹھ جوڑ کے ذریعے یوٹیلٹی سٹورز کا کوٹہ حاصل کرنے اور گٹھ جوڑ کے ذریعے چینی برآمد کرنے پرجرمانہ عائد کیا گیا،سی سی پی نے پہلی مرتبہ سب سے زیادہ 44 ارب روپے سے زائد کا جرمانہ عائدکیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال ملک میں چینی کا بحران آیا تھا اور قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی تھیں۔ اس معاملے پر مسابقتی کمیشن کی جانب سے بھی انکوائری کی گئی تھی اور کئی شوگر ملز کو نوٹس بھجوائے گئے تھے۔