دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارت کا خلائی مشن پر جانے والا راکٹ اْڑان بھرنے کے پانچ منٹ بعد گر کر تباہ ہوگیا۔
انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کا کہنا تھا کہ مشن کی ناکامی راکٹ کی کریو جینک اپر اسٹیج اگنیشن میں خرابی کی وجہ سے ہوئی۔ اسرو نے ٹوئٹ کرتے ہو ئے لکھا کہ ' طیارے کی پہلی اور دوسری سٹیج نارمل تھی البتہ اس کی کریو جینک اپر اسٹیج اگنیشن میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے مشن کامیاب نہیں ہوا۔
سیٹلائٹ مشن میں شامل اسرو راکٹ F10/EOSـ03 نے زمین کے مشاہدے کیلئے سیٹلائٹ کو بھارت کے مشرقی ساحل پر واقع خلائی مرکز سے جیو اسٹیشنری مدار میں ڈالنے کی کوشش کی یہ مشن گزشتہ سال مارچ میں روانہ ہونا تھا لیکن پہلے تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی اس کے بعد بھارت میں جاری کورونا کی دوسری لہر کی وجہ سے اسے ملتوی کر دیا گیا۔
بھارت کا رواں سال فروری میں چھوٹے پولر سیٹلائٹ لانچ وہیکل (PSLV) کی کامیاب پرواز کے بعد یہ اس سال کا دوسرا خلائی مشن تھا۔یاد رہے کہ بھارت کی مسلسل 16 خلائی مشنز کی کامیابی کے بعد یہ پہلی ناکامی ہے۔