( جنید ریاض ) بجلی کی بندش کیخلاف جہانگیرپارک، گرین کالونی، بوستان کالونی، غازی روڈ اور بھلے شاہ کے رہائشیوں کا فیروز پور روڈ بلاک کرکے شدید احتجاج کیا، احتجاج کے باعث فیروز پور روڈ پر گھنٹوں ٹریفک جام رہا۔
فیروز پور روڈ پر بجلی کی بندش کیخلاف اہل علاقہ نے شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے جنرل ہسپتال کے سامنے روڈ پر ٹائر جلا کر لیسکو حکام کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ فیروز پور روڈ پر ٹائر جلانے اور احتجاج سے ٹریفک گھنٹوں جام رہا، جس سے شہریوں اور مریضوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ جہانگیر پارک، گرین کالونی، بوستان کالونی، غازی روڈ اور بھلے شاہ کالونی میں بجلی کی بندش معمول بن گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیسکو حکام کو متعدد بار درخواست دینے کے باوجود بجلی کو بحال نہیں کیا گیا۔ شہریوں نے دھمکی دی ہے کہ بجلی کی بندش کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔