آئی جی پنجاب لاہور پولیس کی ناقص کارکردگی سے پریشان

آئی جی پنجاب لاہور پولیس کی ناقص کارکردگی سے پریشان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ( علی ساہی ) پٹرولنگ کیلئے نت نئی فورسز، جاسوسی کا جدید نظام، مانیٹرنگ کیلئے جگہ جگہ کیمروں کے باوجود کارکردگی نہ ہونے کا برابر، لاہور پولیس نے گزشتہ ماہ میں صرف 7 اے کیٹگری کے اشتہاریوں کو گرفتار کیا جبکہ کسی بھی اشتہاری کے شناختی کوائف حاصل نہ کرسکی۔

جرائم بڑھنے پر آبادی بڑھنے کا واویلا کرنے والی لاہور پولیس کی طرف سے گرفتار کئے گئے اے کیٹگری کے اشتہاریوں کی تعداد دیکھ کر آئی جی پنجاب شعیب دستگیر پریشان ہوگئے۔ لاہور پولیس کی جانب سے آئی جی پنجاب کو پیش کردہ اعدادوشمار کے مطابق لاہور میں صرف 7 سو کے قریب اے کیٹگری کے اشتہاری موجود ہیں جن میں سے صرف سات کو گرفتار کیا جاسکا ہے۔

اشتہاری ملزموں کی اتنی کم تعداد میں گرفتاریوں پر آئی جی پنجاب نے تعجب کا اظہار کیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے اعلیٰ افسران کو دوبارہ چیک کرکے اشتہاریوں کی فہرستیں مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ آئی جی کی واضح ہدایت کے باوجود کسی بھی اشتہاری کا شناختی ڈیٹا حاصل نہیں کیا جاسکا اور رپورٹس کے مطابق ریکارڈ کے حصول میں کارکردگی بھی صفر ہے۔

آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ اے اور بی کیٹگری کے اشتہاریوں کی گرفتاری کےلئے موثر اقدامات کئے جائیں تاکہ شہریوں کو سنگین جرائم کے اشتہاریوں سے نجات دلاکر تحفظ فراہم کیا جاسکے۔