حکمران جماعتوں نے سپریم کورٹ کا عدالتی اصلاحاتی بل پر عملدرآمد روکنے کا حکم مستردکردیا

حکمران جماعتوں نے سپریم کورٹ کا عدالتی اصلاحاتی بل پر عملدرآمد روکنے کا حکم مستردکردیا
کیپشن: file photo
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: حکمران جماعتوں نے سپریم کورٹ کے عدالتی اصلاحاتی بل پر تاحکم ثانی عمل روکنے کا حکم مسترد کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق حکمران جماعتوں نے مشترکہ بیان میں سپریم کورٹ کے آٹھ رکنی بینچ کے فیصلے پر اپنے شدید ردعمل میں کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے قانون ابھی بنا بھی نہیں، نافذ بھی نہیں ہوا لیکن ایک متنازعہ اور یک طرفہ بینچ بنا کر اس کو جنم لینے سے ہی روک دیا گیا ہے، محض ایک اندازے اور تصور کی بنیاد پر یہ کام کیا گیا جو نہ صرف مروجہ قانونی طریقہ کار ہی نہیں بلکہ منطق کے بھی خلاف ہے۔ یہ مفادات کے ٹکراؤ کی کھلی اور سنگین ترین مثال ہے، یہ عدل وانصاف اور سپریم کورٹ کی ساکھ کا قتل ہے۔

 مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ نہیں،"ون میں شو" کا شاخسانہ ہے جسے عدالتی تاریخ میں سیاہ باب کے طور پر جگہ ملے گی، یہ اقدام خلاف آئین اور پارلیمنٹ کا اختیار سلب کرنا ہے، یہ وفاق پاکستان پر حملہ اور سپریم کورٹ کے سینئر ترین ججوں پر بھی عدم اعتماد ہے جن کو ازخود کارروائی کے عدالتی اختیار اور منصفانہ وشفاف طریقے سے بینچوں کی تشکیل کی خاطر تین رکنی کمیٹی میں شامل کیا گیا تھا جو نہایت افسوسناک ہے۔

  بیان میں کہا گیا کہ حکمران جماعتیں اس عدالتی ناانصافی کو نامنظور کرتے ہوئے اس کی بھرپور مزاحمت کریں گی۔ واضح کیا گیا کہ پاکستان بار کونسل اور صوبائی بار کونسلوں کے تحفظات بھی درست ثابت ہوئے، امید کرتے ہیں کہ پاکستان کی وکلاء برادری آئین، قانون اور عدل کے ساتھ ہونے والے اس سنگین مذاق کا نوٹس لے گی اور عدل و انصاف کے زریں اصولوں کی پاسداری وپاسبانی کے لئے آواز بلند کرے گی۔

  مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ حکمران جماعتیں نظام عدل میں عدل لانے کے لئے حکمت عملی تیار کریں گی اور مشاورت سے مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کریں گی تاکہ ملک و قوم کو بحران سے نجات دلائی جائے اور قومی مفادات کا تحفظ یقینی ہو جن میں اولین معاشی بحالی ہے، یہ عہد کرتے ہیں کہ عوام کی نمائندہ پارلیمنٹ اور اس کے آئینی اختیار کا تحفظ اور دفاع کیا جائے گا۔

Bilal Arshad

Content Writer