ویب ڈیسک: نیوزی لینڈ کے خلاف 5ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل ہوم سیریز سے ایک روز قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا اہم بیان آ گیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل لاہور میں کھیلا جائے گا، مقامی وقت کے مطابق میچ رات 9 بجے شروع ہو گا، اس حوالے سے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ایک بار پھر لاہور میں پاکستان کی کٹ میں کھیلنا اچھا احساس ہے، ٹیم میں نئے ٹیلنٹ کے ساتھ سینئر کھلاڑی بھی ہیں، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز دلچسپ ہو گی۔
بابر اعظم نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ایک سال رہ گیا ہے، اس سیریز میں دیکھیں گے کہ ہم کہاں کھڑے ہیں، اس سیریز سے ون ڈے سیریز کے لیے بھی مدد ملےگی، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے تقریباً ایک ہی ٹیم ہے، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے ایشیا کپ اور ورلڈکپ کی تیاریوں میں مدد ملے گی۔
بابر اعظم کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ لاہور میں کافی دیر بعد انٹر نیشنل کرکٹ کھیلنے کے لئے پرجوش ہیں ، تین روز کے کیمپ میں کافی چیزوں پر کام کیا ہے، چیئرمین نے ملاقات میں مجھے اعتماد دیا ہے، کوشش ہے کہ میچز میں اپنی 100فیصد کارکردگی دکھاوں، ہماری ٹیم میں اتنی صلاحیت ہے کہ ہم کیویز کو سیریز میں شکست دے سکیں ، ہمارے کھلاڑیوں نے اچھا پرفارم کیا ہے کوشش کریں گے اس کو برقرار رکھیں گے ۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کاکہنا تھاکہ پچز کا معیار اچھا ہوتا جارہا ہے کیویز کے خلاف میچز کے لیے بھی پچ اچھی دکھائی دے رہی ہے، ہمارے پاس ٹائم کم ہے یہ میچز ہمارے لئے آنے والے ایونٹس کی تیاریوں کا حصہ ہے، پریکٹس کے بعد تمام چیزوں کو دیکھ کر پلان کریں گے اور کمبی نیشن کا اعلان کریں گے،نوجوان احسان اللہ اور زمان خان نے پی ایس ایل اور افغان سیریز میں اچھا پرفارم کیا، دونوں باولرز کے آنے سے ہمارا باولنگ اٹیک مزید مضبوط ہوگیا ہے ۔