ویب ڈیسک : 90 زیرتربیت پائلٹس بوئنگ 737 میکس طیارے اڑانے لگے۔ بھارت میں ہزاروں مسافروں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دی گئیں۔
بھارتی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ بھارتی فضائی کمپنیوں نے ہزاروں مسافروں کی زندگیوں کی پروا کئے بغیر بوئنگ 737 میکس طیارے زیر تربیت پائلٹس کے حوالے کردئیے ۔ ڈی جی سی اے کے سربراہ ارون کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ فضائی کمپنی اسپائس جیٹ کے 90 پائلٹ مکمل ٹریننگکے بغیر بوئنگ 737 میکس طیارہ اڑا رہے تھے۔ معاملے کا انکشاف ہوتے ہی ان تمام پائلٹس پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اب وہ مکمل تربیت لینے کے بعد ہی اس طیارے کو اڑا سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی جی سی اے ان قصورواروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کرے گا جو اس غفلت میں ملوث ہیں۔
اسپائس جیٹ کے ترجمان نے بدھ کو اس بات کی بھی تصدیق کی کہ اس کے 90 پائلٹس کو مکمل تربیت نہ ہونے کی وجہ سے ہوائی جہاز اڑانے سے روک دیا گیا ہے۔