(مانیٹرنگ ڈیسک) نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس کو پاکستان ہاؤس میں تبدیل کرنے کا اعلان کردیا۔
سینئر صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر میں بات چیت کرتے ہوئے نو منتخب وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ اگر صدر مملکت کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے تو اللہ انہیں صحت دے، آئین شکنوں کے خلاف سپریم کورٹ کے حکم پر من و عن عمل کریں گے۔
ملک کی معاشی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی کم کرنے کیلئے شارٹ اور میڈیم ٹرم پلان بنا رہے ہیں، باتوں سے قومیں نہیں بنا کرتیں، اتوار کو بھی کام کرنا پڑے گا، دو چھٹیاں خوشحال قومیں کرتی ہیں، تحریک انصاف والے خزانہ خالی کر گئے ہیں۔
وزیراعظم نے ایک سوال کے جواب پر کہا کہ اتحادی حکومت ہے، سب کو شامل کرنا پڑے گا،لیگی وزراء کے قلمدان نواز شریف فائنل کریں گے، انتقامی سیاست نہیں کریں گے، سب کو ساتھ لے کر چلیں گے اور قانون و ادارے اپنا راستہ خود لیں گے،اداروں کے خلاف مہم چلانے والے قانون کی گرفت میں آئیں گے۔
شہباز شریف نے واضح طور پر کہا کہ فوج اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف مہم ناقابل برداشت ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے پر اس کی روح کے مطابق عمل ہوگا، نیب کو کسی کے خلاف انتقامی کارروائی کے لیے استعمال نہیں کریں گے۔