سٹی42: شہر میں پولیو کا خطرہ بتدریج بڑھ گیا، پولیو کا مریض سامنے آنے کے ساتھ ایک سال سے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو رہی ہے، وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے پولیو بابربن عطا نے لاہور کو ہائی رسک قرار دیدیا۔
وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے پولیو بابر بن عطا نے لاہور کو پولیو کے خطرہ بڑھنے کی تصدیق کر دی ہے، ایمرجنسی آپریشن سنٹر میں ہونے والے اجلاس میں وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے پولیو بابر بن عطا سمیت حکام شریک ہوئے۔ اس موقع پر بابر بن عطا نے کہا کہ لاہور میں پولیو کا مریض سامنے آنے کے ساتھ گزشتہ ایک برس سے ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی موجودگی کی مسلسل تصدیق ہورہی ہے جو شہر کیلئے بڑا خطرہ ہے۔
بابر بن عطا نے ہدایت کی کہ پولیو مہم کے دوران قطرے پینے سے رہ جانے والے بچوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور قطرے پلانے کو یقینی بنایا جائے.
بابر بن عطا نے پولیو مہم میں ناقص کارکردگی دکھانے والے فیلڈ سٹاف کو تبدیل کرنے اور دیگر شہروں میں اچھی کارکردگی کے حامل سٹاف کو لاہور میں تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ بابر بن عطا نے ہائی رسک یونین کونسلوں پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔