شوگر کنٹرول کرنے کا بہترین طریقہ

sugar checking machine
کیپشن: sugar checking machine
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) شوگر جسے طب کی زبان میں ذیابیطس (diabetes) کہتے ہیں خون میں گلوکوز کی مقدار کے ایک خاص مقدار سے زیادہ موجود ہونے سے جنم لینے والی کیفیّت کا نام ہے۔

خون میں گلوکوز کی زیادتی کی وجہ اس ہارمون کی کمی بنتی ہے جسے انسولین  کہتے ہیں، انسولین کی کمی کی وجہ سے خون میں موجود گلوکوز خلیات میں پہنچ نہیں پاتا۔ اس سے دوطرفہ نقصان ہوتا ہے کہ ایک طرف خلیات کو توانائی کے لیے درکار اندھن میّسر نہیں آتا تو دوسری طرف خون میں گلوکوز کی مقداری سطح بڑھتی رہتی ہے۔  زائد وزن کے حامل افراد اپنے وزن میں پانچ سے دس فیصد کمی لا کر شوگر کنٹرول کر سکتے ہیں۔ 

شوگر کے علاج میں ایک بڑی رکاوٹ حیوانی ذرائع سے حاصل کردہ چکنائی جیسے کہ دیسی گھی، مکھن اور بناسپتی گھی وغیرہ اور عام تلی ہوئی اشیاء پر مشتمل  بازاری کھانے جیسے کہ سموسے، برگر وغیرہ کا استعمال ہے۔ اسی طرح ڈبہ بند خوراک کا استعمال بھی شوگر کے علاج میں رکاوٹ بنتا ہے۔ 

 حالیہ تحقیق کے مطابق شوگر کے علاج میں جو کے استعمال کو بہت مفید پایا گیا ہے، جو میں موجود فائبر بھوک کو کم کرنے اور خون میں گلوکوز کی مقدار کم کرنے کے اثرات کا حامل ہوتا ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ جو کا استعمال دل اور خون کی نالیوں کے امراض میں مبتلاء ہونے کے خطرے کو بھی کم کرتا ہے۔ 

شوگر کے علاج کے لیے خشک میووں کا استعمال بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔ خشک میوہ جات میں جو چکنائی موجود ہوتی وہ غیر سیر شدہ ہونے کی وجہ سے نالیوں میں نہیں جمتی اور ان میں پروٹین اور معدنیات کی ایسی اقسام مو جود ہوتی ہیں جو کسی کے بھی جسم میں موجود  کولیسٹرول، سوزش اور انسولین سے مزاحمت کو کم کرتے ہیں۔

  کھانے کے معمولات کو ایک خاص نظام کے تحت مرتب کرنا شوگر کے علاج میں خاصا مددگار ہوتا ہے۔ اس سلسلے کی بہترین حکمت عملی ہوگی کہ دن میں تین مرتبہ بڑا کھانا کھانے کی بجائے دن بھر چھہ مرتبہ تھوڑا تھوڑا کھانا تناول کیا جائے۔