ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بلاول بھٹو کا اسلام آباد کی طرف مارچ کا انتباہ

بلاول بھٹو کا اسلام آباد کی طرف مارچ کا انتباہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت سندھ کے عوام کو اس کا حق دے ورنہ اسلام آباد آکر اس سے اپنا حق چھین لیں گے۔

بدین میں کارکنان سے خطاب کے دوران وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج تک سیلاب متاثرین کے لیے وفاق کی طرف سے ایک روپیہ نہیں آیا، وفاقی حکومت رواں سال این ایف سی ایوارڈ میں سندھ کے 200 ارب روپے کھا گئی، ہمیں کوئی خصوصی پیکج یا خصوصی رویہ نہیں چاہیے بلکہ اپنا حق چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام ڈوب رہے ہیں مدد مانگو تو کہتے ہیں کہ ان کو 3 سو روپے بھی نہیں دیں گے، آپ کو بدین کے عوام کا حق دینا پڑے گا، ورنہ ہم اسلام آباد کا راستہ جانتے ہیں اور ہم اسلام آباد پہنچ کر آپ سے اپنا حق چھین لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق نے آج تک سندھ کے جائز مطالبات کا جواب تک نہیں دیا، وزیر اعظم کا ایک ہمدردی کا بیان تک نہیں آیا، مدد تو دور کی بات ہے لیکن عمران خان کو عوام کی خدمت کے لیے سندھ میں آنا ہوگا، وزیر اعظم سندھ کے عوام کو ایسے لاوارث نہیں چھوڑ سکتے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام ووٹ دیں نہ دیں یہ لوگ اقتدار میں آتے ہیں اور اشاروں کی طرف دیکھتے ہیں کہ اب کیا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب پیپلز پارٹی کی حکومت تھی تو 2010 کا سیلاب ہو یا 2011 کا، ہم نے پوری دنیا کو موبلائز کیا، ہم نے پاکستان کارڈ دیا ان کے ہاتھوں میں پیسے پہنچائے تاکہ مشکل حالات میں وہ اپنے خاندان کو سنبھالیں، سندھ کے اس کے حق کے پیسے سے پانی کا مسئلہ حل کرنا چاہتے ہیں اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ سندھ کے عوام کا پیسہ دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بدین کے عوام نے تاریخی بارشوں کا سامنا کیا ہے، بارشوں کی وجہ سے ضلع میں بہت نقصان ہوا ہے، سیلاب اور بارشوں سے بدین میں گھروں، فصلوں اور مال مویشیوں کو نقصان پہنچا، حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ زرعی ایمرجنسی نافذ کرے اور فوری طور پر کسانوں کی مدد کرے۔

واضح رہے کہ مون سون کی حالیہ بارشوں کے بعد اندرون سندھ کے متعدد اضلاع میں تاحال سیلابی صورتحال برقرار ہے جہاں فصلوں کو بھی بری طرح نقصان پہنچا ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer