(علی رامے) پنجاب حکومت کا وزراء اور اراکین اسمبلی کی سکیموں کو مانیٹر کرنے کا فیصلہ، نجی کمپنی منصوبوں کے ٹھیکوں سے لیکر میٹریل تک کے معیار کو جانچے گی۔
حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت لانے کیلئے اب پنجاب میں صوبائی وزراء اور حکومتی اراکین اسمبلی کے حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا سپیشل آڈٹ ہوگا۔
پنجاب حکومت نے وزراء اور ایم پی ایز کے حلقوں کی مانیٹرنگ کے لیے علیحدہ سے پلان تشکیل دے دیا، صوبائی وزراء اور ایم پی ایز کے حلقوں کی مانیٹرنگ پر اڑھائی کروڑ خرچ ہوں گے، اڑھائی کروڑ روپے سے کسی نجی کمپنی کے ذریعے منصوبوں کی مانیٹرنگ ہو گی۔
ذرائع کے مطابق منصوبوں کی مانیٹرنگ میں ٹھیکے اور میٹریل کے معیار کی جانچ پڑتال کی جائے گی، کمپنی کی مفصل رپورٹ وزیر اعلیٰ کو بھی ارسال کی جائے گی، صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کو مجموعی طور 15 ارب روپے کے فنڈز دیئے گئے تھے۔