محسن نقوی کا احسن اقدام، ساہیوال  سے لینڈ ریکارڈ کے ای رجسٹریشن سسٹم کا باضابطہ افتتاح

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی ساہیوال پہنچ گئے, وزیراعلیٰ نے پاکپتن۔ ساہیوال دو رویہ سٹرک  کی تعمیر کا اعلان کردیا. 

تفصیلات کے مطابق محسن نقوی نے ساہیوال  سے  لینڈ ریکارڈ کے ای رجسٹریشن سسٹم کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ وزیر اعلیٰ نے ای رجسٹریشن سسٹم کا مشاہدہ کیا اور دستاویزات حاصل کرنے کے عمل کو دیکھا۔ 

ای رجسٹریشن کے تحت اراضی ریکارڈ  کی تمام دستاویزات آن لائن دستیاب ہوں گی اور ٹیکس چوری کی روک تھام ہو گی۔ شہریوں کو اراضی سنٹرز کے بار بار چکر لگانے سے نجات ملے گی۔ 

 محسن نقوی نے این 5 کے زیر التواء پل کو فوری مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ حکومت زیر التواء پل کی جلد تعمیر کے لیے ضروری فنڈز فراہم کرے گی۔ 

وزیراعلیٰ نے پاکپتن۔ ساہیوال دو رویہ سٹرک  کی تعمیر کا اعلان کردیا، اس کے علاوہ اولڈ جی ٹی روڈ  کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ 

 محسن نقوی نے کہا کہ ساہیوال کی سٹرکوں کی تعمیر و مرمت کی بحالی کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ساہیوال کی اپ گریڈیشن کے لئے وسائل دیں گے۔

محسن نقوی نے سموگ پر قابو پانے کیلئے فصلوں کی باقیات کو جلانے پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنانے کا حکم دیا۔ 

بعدازاں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈپٹی کمشنر آفس ساہیوال میں ترقیاتی منصوبوں اورامن و عامہ سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس طلب کیا۔ وزیر اعلیٰ نےپنجاب انٹرمیڈیٹ سیٹز امپرومنٹ انوسمنٹ پروگرام کے تحت ساہیوال ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا، اس کے علاوہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے جاری پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ 

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت ساہیوال میں اراضی کی ڈیجیٹلائزیشن پلس پراجیکٹ سے متعلق اجلاس طلب کیا گیا۔ اجلاس میں عالمی بینک کے تعاون سے جاری پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔ کمشنرساہیوال نے عوامی فلاح کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ آر پی او ساہیوال نے امن وامان کی صورتحال کیلئے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ 

اجلاس میں محسن نقوی نے جرائم پیشہ عناصر اورگینگز کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کو جرائم پر کنٹرول کیلئے تمام تر ممکنہ وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان۔ انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان ،ساہیوال،اوکاڑہ،پاکپتن کے ڈپٹی کمشنرز اورڈی پی اوز ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوآرڈینیشن اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے