(ویب ڈیسک)مصر نے غزہ کے پناہ گزینوں کو محفوظ راہداری فراہم کرنے سے انکار کردیا۔
مصری سکیورٹی حکام کے مطابق مصر کی امریکا سمیت دیگر فریقین سے غزہ کو رفاہ بارڈر کے ذریعے انسانی امداد فراہم کرنے کے منصوبوں پر بات جاری ہے لیکن فی الحال غزہ سے مصر میں کسی کو داخلے کی اجازت نہیں دی جارہی۔
واضح رہے کہ غزہ سے نکلنے کے واحد راستے غزہ اور مصر کے درمیان رفاہ بارڈر کو اسرائیلی بمباری کے باعث بند کردیا گیا تھا۔
حماس کے حملوں کے بعد غزہ پر اسرائیلی بمباری تیز ہوگئی اور ہزاروں ٹن بارود محصور غزہ پر گرایا گیا ہے، اسرائیل کی جانب سے غزہ کا بجلی، پانی اور ایندھن بھی بند کردیا گیا ہے جس کے بعد سے غزہ میں انسانی بحران سر اٹھا رہا ہے۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کے نتیجے میں 1000 سے زائد افراد شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے جب کہ شہدا میں بڑی تعداد میں بچے بھی شامل ہیں۔
اسرائیل نے رہائشی عمارتوں، مساجد، دکانوں، فیکٹریوں اور ایمبولینسوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔