( عمر اسلم ) مسلم لیگ ( ن) کے رہنما احسن اقبال نے پارٹی میں اختلافات کی تردید کردی، کہتے ہیں شہباز شریف پارٹی صدر ہیں اور رہیں گے، ن لیگ آزادی مارچ میں اہم کردار ادا کرے گی۔
شہباز شریف کی زیر صدارت آزادی مارچ سے متعلق مشاورتی اجلاس بلایا گیا جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ میاں نوازشریف نے خط میں پارٹی کیلئے روڈ میپ کی تفصیل لکھی، آزادی مارچ سے متعلق ن لیگ اپنا لائحہ عمل بنائے گی اور پارٹی وفد نوازشریف کا خط لے کر جلد مولانا فضل الرحمان کے پاس جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے، ملک میں بے روگاری، غربت، لا قانونیت بڑھ رہی ہے، یہ وہ پاکستان نہیں جس کی بنیاد ہم رکھ کر گئے تھے، پورے ملک میں ڈینگی کی وبا پھیل گئی ہے، شہبازشریف نے ڈینگی کا خاتمہ کیا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف کا فیصلہ ہی حتمی فیصلہ ہے، عمران خان سے مذاکرات اب استعفے پر ہی ہوں گے۔
صدر مسلم لیگ ( ن) میاں شہبازشریف کا اجلاس کے بعد مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابط بھی ہوا، دونوں رہنماؤں نے آزادی مارچ کے حوالے سے مشاورت کی جبکہ مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کی حمایت پر میاں نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔