ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع نہیں ہوگی

ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع نہیں ہوگی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(رضوان نقوی) چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس احمد شجاع خان کی تاجروں کے ٹیکس مسائل سننے کیلئے ای کچہری، چیف کمشنر کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ کاروباری طبقہ کو رجسٹرڈ کرنے کیلئے سروے کریں گے، ایف بی آر کے پاس معلومات کی بھرمار ہے اب ٹیکس نیٹ سے بچنا ممکن نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس احمد شجاع خان نے تاجروں کے ٹیکس مسائل سننے کیلئے ای کچہری کا انعقاد کیا،ای کچہری میں شہر کی مختلف مارکیٹوں کے تاجر رہنماؤں نے آن لائن شرکت کی۔ ایڈیشنل کمشنر محمد بلال ملک بھی چیف کمشنر کے ہمراہ تھے،تاجروں نے چیف کمشنر سے ٹیکس نیٹ بڑھانے کا مطالبہ کیا۔
چیف کمشنر احمد شجاع خان نے کہا کہ جلد نادرا اور ایف بی آر کا ایم او یو سائن ہوگا، ٹیکس نیٹ سے بچنا اب ممکن نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب قومی شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ تمام اثاثہ جات کا ریکارڈ ایف بی آر کی دسترس میں ہے،8دسمبر کے بعد انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع نہیں ہوگی۔ احمد شجاع خان نے کہا کہ تاجروں کے تعاون سے مارکیٹوں میں رجسٹرڈ کاروباری افراد کا سروے کرکے ٹیکس کا دائرہ کار بڑھائیں گے۔
 ای کچہری میں چیف کمشنر احمد شجاع خان سے آن لائن سوال کرتے ہوئے تاجر رہنما مردان علی زیدی نے کہا کہ ایف بی آر کو ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے تاجر طبقہ کو اعتماد میں لے کر ٹیکس نیٹ میں شامل ہونے والے نئے تاجروں کو 5سالہ آڈٹ کی تلوار سے نجات کا یقین دلانا ہوگا،تاجروں نے ٹیکس مشینری کی یکطرفہ کارروائیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

چیف کمشنر نے کہا کہ آڈٹ کیسز تیزی سے نمٹا رہے ہیں، 59 ہزار کیسز تاحال زیرالتوا ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاحال لاہور سے 2 لاکھ انکم ٹیکس گوشوارے جمع ہوچکے ہیں،گوشوارے جمع کرانے کیلئے بھرپور مہم کا آغاز جلد کریں گے،شوبز ستاروں کے ٹیکس معاملات کی جانچ پڑتال کیلئے تھرڈ پارٹی سے معلومات اکٹھی کررہے ہیں۔