نبیل ملک:شہر کے متعدد یوٹیلٹی سٹورز پر چینی اور گھی کے سٹاکس عدم دستیاب، شہری سستی چینی اور گھی کے حصول کے لیئے بار بار چکر لگانے پر مجبور ہو گئے، چینی اور گھی کی دستیابی غیر یقینی ہونے سے شہری ذہنی کوفت اور اذیت کا شکارہو گئے-
سروے کے مطابق ٹائون شپ یوٹیلٹی سٹور پر حکومتی ٹرک نہ پہنچنے کی وجہ سے چینی صبح سے عدم دستیاب ہے، شام 4 بجے کے بعد دستیاب ہو گی جبکہ حکومتی سٹاک ختم ہونے کی وجہ سے سستے گھی کے پیکٹس بھی عدم دستیاب ہو گئے- ماڈل ٹائون یوٹیلٹی اسٹور پر بھی صبح سے چینی عدم دستیاب، حکومتی ٹرک چینی لے کر شام 4 بجے کے بعد پہنچے گا، اسٹور میں سستے گھی کا اسٹاک ختم ہو گیاہے- گارڈن ٹائون یوٹیلیٹی اسٹور میں چینی کا پرانا اسٹاک موجود، اسٹاک بدھ کو آیا لیکن برانچ کے آڈٹ کی وجہ سے آدھا بھی فروخت نہیں ہو سکا۔
آج کا چینی سٹاک شام 4 بجے کے بعد دستیاب ہو گا، جبکہ سستے گھی کا سٹاک مکمل ختم ہے اور انتظامیہ کو مزید سٹاک کی فراھمی کا کوئی علم نہیں ہے- مسلم ٹائون یوٹیلٹی اسٹور میں 2 کلو چینی کے 500 پیکٹ دن بارہ بجے کے بعد پہنچے، اس سے پہلے خریداری کرنے والے خالی ہاتھ واپس لوٹے جبکہ مسلم ٹائون میں سستے گھی کا سٹاک بھی محدود رہ گیا، اگر جلد مزید سٹاک نہ پہنچا تو شہری سستے گھی سے محروم ہو جائیں گے- نقشہ سٹاپ یوٹیلیٹی اسٹور پر چینی اور گھی کا سٹاک موجود ہے لیکن تعداد نہایت کم ہے-
کینال روڈ پر ٹیک سوسائٹی یوٹیلٹی سٹور میں چینی کا سٹاک کل پہنچا اور آج ختم ہو گیا، مزید سٹاک اب آج کی بجائے کل پہنچے گا، سستے گھی کے پیکٹ بھی کم تعداد میں رہ گئے ہیں- ملتان روڈ پر اسکیم موڑ یوٹیلیٹی سٹور میں حکومت کی جانب سے آج 2 کلو چینی کے 800 پیکٹ پہنچائے گئے جن میں سے 500 فروخت ہو گئے جبکہ 300 باقی رہ گئے ہیں، اسی طرح سستا گھی بھی سرے سے بھی دستیاب نہیں ہیں- ادھر شادمان یوٹیلیٹی اسٹور پر آج صبح 2 کلو چینی کے 800 پیکٹ پہنچے جن میں سے 400 فروخت جبکہ 400 باقی رہ گئے اور سستے گھی کا اسٹاک بھی محدود رہ گیا ہے-