(علی رامے) ارکان اسمبلی کو نوازنے میں تحریک انصاف کی حکومت نے سابق حکومت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، صوبائی وزراء اور حکومتی ارکان اسمبلی کے حلقوں کے لیے اڑھائی ارب روپے کے اضافی فنڈز منظور، لاہور کے ارکان اسمبلی کو 60 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز ملیں گے۔
پنجاب حکومت نے اپنے صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کو نوازنے کے لیے کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کیا تھا جو اب 30 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، اس پروگرام سے حکومتی اراکین اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل ہونی ہے، رواں سال وزراء اور اراکین اسمبلی کے لیے 15 ارب مختص کیے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق موجودہ حکومت نے وزراء اور ایم پی اے کے پیکج میں اب اڑھائی ارب روپے کا مزید اضافہ کردیا، اراکین اسمبلی کے لئے رواں سال کا پیکج 15 ارب سے 17 ارب 55 کروڑ تک کردیا گیا ہے، جبکہ اس اضافی بجٹ میں سے لاہور کے ارکان اسمبلی کو 60 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز ملیں گے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ارکان پنجاب اسمبلی کے مالی گوشوارے جاری کر دیئے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار 8 کروڑ 45 لاکھ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں، ان کے نام دو لگژری گاڑیاں اور چار ٹریکٹر ہیں، انکے پاس 20 تولے سونا بھی ہے، عبدالعلیم خان ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک نکلے، ان کے ذمہ 74 کروڑ سے زائد رقم بھی واجب الادا ہے۔
چودھری پرویز الٰہی 22 کروڑ، راجہ بشارت 2 کروڑ 93 لاکھ، راجہ راشد حفیظ 11 کروڑ سے زائد کے اثاثے رکھتے ہیں، اعجاز خان جازی کے اثاثے صرف 2 لاکھ 74 ہزار ہیں۔ حمزہ شہباز 41 کروڑ، ملک محمد احمد خان 5 کروڑ، مجتبیٰ شجاع الرحمان 13 کروڑ اور رانا مشہود 5 کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں، سب سے غریب رکن ساجدہ یوسف ہیں جن کے اکاؤنٹ میں صرف 217 روپے ہیں۔