نواز شریف کا حکومتی مشروط فیصلے کے بعد بیرون ملک جانے سے انکار

نواز شریف کا حکومتی مشروط فیصلے کے بعد بیرون ملک جانے سے انکار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( عمر اسلم ) میاں نوازشریف کا نام ای سی ایل سے حکومتی شرائط پر نکالنے پر اظہار برہمی، حکومتی مشروط فیصلے کے بعد علاج کے لئے بیرون ملک جانے سے انکار کردیا، کابینہ کی ذیلی کمیٹی اور مسلم لیگ (ن) میں ڈیڈ لاک برقرار، مسلم لیگ (ن) نے ضمانتی بانڈ دینے سے انکار کردیا۔

سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے ذیلی کمیٹی اور مسلم لیگ (ن) میں ڈیڈ لاک برقرار ہے۔ ذرائع کےمطابق سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے حکومتی مشروط فیصلے کے بعد علاج کے لئے باہر جانے سے انکار کردیا ہے اور حکومتی فیصلے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں حکومتی شرائط تسلیم نہیں۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں نوازشریف کی طبعیت ناسازی کے پیش نظر میاں شہبازشریف اور مریم نواز نے انہیں بیرون ملک علاج کے حوالے سے جانے پر اصرار کیا تاہم میاں نوازشریف کا کہنا ہے کہ عدالت نے آٹھ ہفتوں کی ضمانت دی جس کے مچلکے جمع ہیں اب مزید کسی ضمانت کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ای سی ایل میں نام ڈالتے وقت تو حکومت نے اتنا تردد نہیں کیا تھا تو نام نکالنے میں اتنے حیلے بہانے کس لئے جبکہ وہ پہلے بھی خود برطانیہ سے پاکستان آئے تھے، جانتے تھے کہ پاکستان پہنچتے ہی انہیں گرفتار کر لیا جائے گا لیکن اس کے باوجود وہ پاکستان آئے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے ضمانتی بانڈ دینے سے انکار کردیا ہے جبکہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی آج فیصلہ سنائے گی۔