(حافظ شہباز علی)پی سی بی کی ڈریم پئیر مہم ختم ہو چکی ہے تاہم سوشل میڈیا شائقین کرکٹ 28 سال بعد بھی عمران خان کو کپتان اور جاوید میانداد کو نائب کپتان دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے شروع کی جانے والی ڈریم پئیر مہم ختم ہوگئی ہے۔ کرکٹ سے علیحدگی کے 28 سال بعد بھی ورلڈ کپ فاتح عمران خان اور جاوید میانداد کی کپتان اور نائب کپتان کی حیثیت سے شہرت برقرار ہے، پی سی بی کی ڈریم پئیر مہم میں عمران خان کے بطور کپتان اور جاوید میانداد کے نائب کپتان کے انتخاب نے سب کو مات دیدی۔
عمران خان نے 48 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان ٹیم کی قیادت کی۔ ڈریم پئیر مہم میں سعید انور اور 2823 رنز بنانے والے عامر سہیل کی جوڑی ڈریم اوپنرز قرار پائی.محمد یوسف اور 10099 رنز بنانے والے یونس خان کو ڈریم مڈل آرڈر جوڑی قرار دیا گیا. عمران خان اور شاہد آفریدی ڈریم آل راونڈر جوڑی قرارپائے.ڈریم ٹیم کے نائب کپتان قرار پانے والے 1992 ورلڈکپ کے ہیرو جاوید میانداد نے 124 ٹیسٹ میچوں میں 8832 رنز بنائے.37 ٹیسٹ میچوں میں 1381 رنز اور وکٹوں کے پیچھے 119 کیچز اور11 سٹمپ کرنے والے راشد لطیف ڈریم وکٹ کیپر قرار پائے.
گگلی ماسٹر عبدالقادر اور دوسرا موجد ثقلین مشتاق پر مشتمل جوڑی سپنرز کی ڈریم جوڑی قرار پائی.90 کی دہائی میں دنیا کے بلےبازوں کے لئے دہشت کی علامت ٹو ڈبلیوز وقار یونس اور وسیم اکرم ڈریم فاسٹ باولنگ جوڑی قرار پائے.پی سی بی کی سوشل میڈیا پر سابق کرکٹرز کو خراج تحسین پیش کرنے کا مقصد موجودہ نسل کو ان کے ساتھ جڑنے کا موقع فراہم کرنا تھا .
واضح رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر جاری ڈریم پیئر مہم میں راشد لطیف کے مداحوں نے سابق وکٹ کیپر معین خان، سرفراز احمد اور کامران اکمل سب کو مات دے دی ہے، 37 ٹیسٹ میچوں میں وکٹوں کے پیچھے 130 شکار کرنے کے ساتھ 1381 رنز بنانے والے راشد لطیف مقبولیت میں سب پر سبقت لے گئے۔سوشل میڈیا پر جاری ڈریم پیئر مہم میں 6 لاکھ سے زائد صارفین نے شرکت کی، اس مہم میں شارٹ لسٹ کیے گئے 8 وکٹ کیپرز کی اہلیت کا معیار ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کے پیچھے کم از کم 50 شکار مقرر کیا گیا تھا، اس فہرست میں امتیاز احمد، وسیم باری، سلیم یوسف، معین خان، راشد لطیف، کامران اکمل، سرفراز احمد اور عدنان اکمل شامل تھے۔