لاہور کے شہری گھروں میں بھی غیر محفوظ

لاہور کے شہری گھروں میں بھی غیر محفوظ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: لاک ڈاؤن کے دوران شہری اپنے گھروں میں بھی محفوظ نہ رہے اور شہر میں ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق 4 ڈاکو ماڈل ٹاؤن میں ظہیر نامی شہری کے گھر داخل ہوئے اور اہل خانہ کویرغمال بنا کر 10 تولے سونا اور لاکھوں روپے کیش لوٹ لیا۔

ادھر ٹاؤن شپ میں 3 ڈاکو فراست نامی شخص کی گاڑی میں پانی ڈالنے کے بہانے گھر کے اندر داخل ہوگئے اور 12 تولے سونا جب کہ 2 لاکھ نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔دوسری جانب جوہر ٹاؤن میں 2 ڈاکوؤں نے گھر کی دہلیز پر کھڑے ساجد نامی شہری کی موٹرسائیکل چھین لی۔

دوسری جانب شہر میں بڑھتے ہوئے کرائم کو کنٹرول کرنے کے لیے لاہور پولیس کے ایس پیز نے سر جوڑ لیے، اعلیٰ سطحی اجلاس والٹن ڈولفن ہیڈکوارٹر ز میں منقعد کیا گیا جس میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں ڈولفن اور پولیس رسپانس یونٹ کی پٹرولنگ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔


پولیس نے ایک رپورٹ جاری کی تھی کہ جزوی لاک ڈاون کے دوران لاہورکے شہریوں کی بڑی تعداد اپنے گھروں میں رہی اور شائد یہی وجہ تھی کہ گھروں میں پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا۔ ریسکیو ون فائیو کے ریکارڈ کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران جو ون فائیو پر گھریلو تشدد کی کالز آئیں ان کی تعداد عام دنوں کے مقابلے میں پچیس فیصد زیادہ رہیں جبکہ گلی محلوں میں لڑائی جھگڑے کے واقعات میں بھی بارہ فیصد اضافہ ہوا۔

پولیس حکام نے دعویٰ کیا کہ لاک ڈاؤن کے دوران کرائم کی وارداتوں میں کمی ہوئی،جزوی لاک ڈاون کے دوران ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں 39 فیصد کمی ہوئی،روڈ اینڈ شاپ روبری کیسز میں 42 فیصد کمی دیکھنے میں آئی،لاک ڈاون کے دوران روڈ سنیچنگ کی وارداتوں میں 37 فیصد کمی ہوئی،لاک ڈاون کے دوران قتل کے کیسز میں 80 فیصد کمی ہوئی۔

واضح رہے کہ لاک ڈاون کے دوران 13 افراد کو مختلف وجوہات پر قتل کیا گیا جبکہ لاک ڈاون سے پہلے15 دنوں میں 18 افراد کو موت کے گھاٹ اتارا گیا، کاروباری بندش کے دنوں میں بھی 124 افراد ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں مال سے محروم ہوئے، جبکہ لاک ڈاون سے قبل 15 دنوں میں 164 وارداتیں رپورٹ ہوئیں، اسی طرح گاڑی و موٹرسائیکل چوری کی 312 وارداتیں لاک ڈاؤن کے دوران ہی رپورٹ ہوئیں۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer