(سٹی42) معروف گلوکارہ میشا شفیع نے بالآخرگلوکار علی ظفر کی جانب سے بھجوائے گئے ایک ارب ہرجانے کے لیگل نوٹس کا جواب دیدیا، کہتی ہیں کہ علی ظفر پر لگائے گئے تمام الزامات درست اور حقائق پر مبنیٰ ہیں، کسی صورت واپس نہیں لوں گی۔
گلوکارہ میشا شفیع نے لیگل نوٹس کے جواب میں کہا ہے کہ علی ظفر پر لگائے گئے تمام الزامات درست اور حقائق پر مبنیٰ ہیں کسی صورت واپس نہیں لوں گی، عدالت آجائیں، سب ثابت ہو جائے گا۔پہلے اس لیے خاموش تھی کہ بہت گھبرائی ہوئی تھی اور اس صدمے سے باہر نہیں نکل پا رہی تھی، علی ظفر پر عائد کیے جانے والے الزامات کے پیچھے کوئی ساز ش نہیں۔
میشا شفیع کا مزید کہنا تھا کہ اگر علی ظفر نے اپنا لیگل نوٹس واپس نہ لیا تو وہ سول اور فوجداری قوانین کے تحت کارروائی کرنے کا حق رکھتی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ میشا شفیع نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں گلوکار علی ظفر پر ایک سے زائد مرتبہ جنسی ہراساں کیے جانے کا الزام لگایا تھا جس کے جواب میں علی ظفر نے اپنے وکیل کے ذریعے میشا شفیع کو ایک ارب روپے ہرجانے کا لیگل نوٹس بھیجوایا تھا۔
— Ali Zafar (@AliZafarsays) April 19, 2018
نوٹس میں علی ظفر کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ میشا شفیع نے بے بنیاد الزامات عائد کیے ہیں جس سے میری شہرت کو نقصان پہنچا۔
میشا شفیع کا نوٹس معروف قانون دان حنا جیلانی کی جانب سے آیا اور اب علی ظفر کے وکلاء کیا لائحہ عمل اختیار کرتے ہیں یہ بھی جلد ہی پتہ چلے گا۔