عابد چوہدری: کرایہ دار اور مالک مکان کے جھگڑے میں نواب ٹاؤن پولیس ان ایکشن، پولیس چیکنگ کی آڑ میں گھر میں گھس کر تین بھائیوں پر بہیمانہ تشدد کرتی رہی، سی سی ٹی وی نے پولیس چھاپے کا بھانڈا پھوڑ دیا۔
نواب ٹاون پولیس نے دو روز قبل جوہر ٹاؤن کے رہائشی حسن علی کے گھر چھاپہ مارا، سٹی فورٹی ٹو کو موصول ہونے والی فوٹیج میں پولیس کو گھر میں گھس کر تینوں بھائیوں کو حراست میں لیتے دیکھا جا سکتا ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ پولیس نے گھر اور تھانے لے جا کر بہیمانہ تشدد کیا، تشدد کے نشانات موجود ہیں۔ پولیس نے تینوں بھائیوں کو گرفتار کر کے مزاحمت کرنے اور کرایہ داری ایکٹ کا مقدمہ درج کر دیا۔
حسن علی نے دو ماہ قبل غلام حسین سے کرایہ پر مکان حاصل کیا تھا جبکہ ایک سال کا ایگریمنٹ ہوا اور دو ماہ بعد ہی گھر خالی کرنے کا کہہ دیا گیا۔ حسن علی کا کہنا تھا کہ گھر خالی نہ کرنے پر مالک مکان کی ایما پر پولیس نے تشدد کیا جبکہ کرایہ داری کا اندراج نہ ہونے پر مقدمہ درج کیا مگر مالک مکان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
سی سی ٹی وی میں دیکھا جا سکتا ہے پولیس کو مالک مکان لیکر موقع پر پہنچا جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کیا کہ وہ چیکنگ کرتے شہری علی حسن کے گھر پہنچے۔
ادھر اقبال ٹاؤن کے علاقے میں ڈکیتی کی واردات ہوئی۔ متاثرہ شہری حسنین رضا کا کہناتھا کہ وہ دفتر سے واپس اپنے گھر آئے،دو موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے گھر کی دہلیز پر ہی یرغمال بنا لیا۔ ڈاکو نے موبائل فون اور پرس میں موجود قیمتی کاغذات لوٹ لیے۔ ڈکیتی کی واردات چند روز قبل اقبال ٹاؤن کے علاقے میں ہوئی۔
اقبال ٹاؤن تھانے میں درخواست جمع کروانے پر پولیس نے مقدمہ تو درج کرلیا ہے مگر تاحال ملزمان گرفتار نہیں ہو سکے۔ متاثرہ شہری نے ملزموں کو گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔