شادمان (شہزاد خان) مہنگائی کے سونامی میں غوطہ زن لاہوریوں کیلئے بڑی خوشخبری، ایل پی جی پیدواری ادارے نے ایل پی جی کی قیمت میں 7 ہزار روپے فی ٹن کمی کردی، لاہور میں اب صارفین کو ایل پی جی فی کلو 120 روپے میں ملے گی۔
ذرائع کے مطابق ایل پی جی کی قیمتوں میں فی کلو 7 روپے کمی کردی گئی، جس کے بعد گھریلو سلنڈر 82 اور کمرشل سلنڈر 317 روپے سستا ہوگیا، لاہور میں ایل پی جی کی نئی قیمت 120 روپے فی کلو ہوگئی، اب صارفین کو گھریلو سلنڈر 1416 اور کمرشل سلنڈر 5 ہزار 448 روپے میں مل سکے گا۔
چیئرمین ایل پی جی ڈیلرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ درآمد میں اضافے کے باعث ایل پی جی سستی ہوئی، پاکستانی ایل پی جی پیداواری ادارے پارکو ریفائنری نے قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا۔
واضح رہےکہ یکم مارچ کو ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 21 روپے 78 پیسے اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد ایل پی جی 159 روپے 74 پیسے کی فی کلو ہوگئی تھی۔
دوسری جانب حکومت نے لاہوریوں کے لئےبہتر صحت سہولیات کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کرلیا، محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے نئے فنڈز کے لئےتجاویز بھی پیش کردیں۔