(کومل اسلم)لاہور کے مختلف حصوں میں رات گئے بارش سے موسم سہانا ہوگیا، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے شہری موسم سے لطف اندوز ہونے لگے، محکمہ موسمیات کے مطابق دن بھرسورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں ہو نےوالی بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے،آج کم سے کم درجہ حرارت 14 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے، دن بھر آسمان پر بادلوں کے ڈیرے رہیں گے جبکہ سورج بھی وقفے وقفے سے مکھڑا دکھاتا رہے گا۔ لاہور میں بہار کا موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ ساتھ ہر طرف دلفریب پھولوں کی خوشبو بکھئر رہا ہے،شہرکا موسم خوشگوار،باغوں میں خوش رنگ پھول کھل اٹھے،ہلکی ٹھنڈی ہوا چلنے سے گرمی کا احساس بھی کم ہے۔
اسلام آباد میں بھی وقفے وقفے سے گرج چمک اور تیز ہواوں کےساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے جاتی سردی پھر لوٹ آئی ہے۔ محکمہ موسمیات پنجاب کے علاقوں راولپنڈی، جہلم، چکوال، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی،بھکر، خوشاب، سرگودھا، جھنگ اور فیصل آباد میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا: چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی،چارسدہ، مردان، کرم، کوہاٹ، وزیرستان اور بنوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، بلند پہاڑوں پر برفباری کی توقع بھی ہے،سندھ اوربلوچستان کے بیشتر علاقوں میں آج موسم خشک رہے گا۔
شمالی بلوچستان میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔