ویب ڈیسک:میو ہسپتال لاہور کے ایمرجنسی وارڈ میں شہری کو قتل کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میو ہسپتال کی ایمرجنسی میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئےسی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے میو ہسپتال میں ہونے والے جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ گرفتار ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ایمرجنسی میں فائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور باعث تشویش ہے۔ ملزم کسی رعایت کا مستحق نہیں۔ جاں بحق شخص کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ترجمان ڈولفن کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی میں فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ملزم محمد بوٹا نے اعجاز عرف ججو کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔ ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والا پستول اور گولیاں برآمد کرلی گئیں ہیں۔گرفتار ملزم قانونی کارروائی کیلئے گوالمنڈی پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے گئے ہیں، جبکہ لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ واقعہ ذاتی عداوت کا نتیجہ ہے، گرفتار ملزم سے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کی جا رہی ہے۔