ویب ڈیسک:بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف نے پیپلزپارٹی کا مقابلہ کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کرلی۔
تفصیلات کے مطابق سابق گورنرسندھ عمران اسماعیل کی جی ڈی اے رہنما صدرالدین شاہ سے ملاقات ہوئی جس میں جی ڈی اے رکن سندھ اسمبلی نند کمار گوکلانی، پی ٹی آئی رہنما علی جونیجو ودیگر موجود تھے۔
ملاقات میں سندھ کی موجودہ سیاسی و مجموعی صورتحال پر گفتگو کی گئی جبکہ سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے متعلق دونوں رہنماؤں کی جانب سے تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ جی ڈی اے نے مشکل وقت میں تحریک انصاف کا بھرپور ساتھ دیا اب ہم سندھ میں پی پی کا جی ڈی اے کے ساتھ مل کر مقابلہ کریں گے۔
صد الدین شاہ نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل میں مکمل ناکام ہوچکی ہے اور سندھ کے لوگ موجودہ حکمرانوں سے شدید مایوس ہوچکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق عمران اسماعیل اور صد الدین شاہ نے مستقبل میں بھی مشترکہ سیاسی جدوجہد جاری رکھنے کا اعادہ بھی کیا۔