(سٹی 42) قیامت خیز گرمی سے پریشان لاہوریوں کیلئے اچھی خبر، محکمہ موسمیات نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں آئندہ دو روز میں بادل برسنے کی پیشگوئی کردی، ایم ڈی واسا نے عملے کو الرٹ رہنے کا حکم دیدیا۔
کل رات سے باغوں کے شہر لاہو رمیں ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے، جس سے شہر میں بڑھتی گرمی کو بریک لگ گئی، محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 اور کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 50 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہےکہ شمسی شعاعیں بھی آج تیز ہونگی، لاہور کا موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم آئندہ دو روز میں بارش کا امکان ہے، جس سے گرمی کا زور بھی ٹوٹ جائے گا۔
لاہور آلودہ شہروں کی فہرست میں نویں نمبر پر آگیا، مراتب علی روڈ گلبرگ میں سب سے زیادہ ائیر کوالٹی انڈیکس 157 ریکارڈ کیا گیا، کوٹ لکھپت 129، لمز ڈیفنس 104، ماڈل ٹاؤن 88، ایف سی کالج ظہور الٰہی روڈ 84، عسکری ہائیٹس 82، بیدیاں 76 جبکہ ایمپریس روڈ گڑھی شاہو میں 72 ائیر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ ماحولیات کی جانب سے شہریوں کو گھروں سے نکلتے وقت ماسک اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق واسا کی جانب سے مون سون کی آمد سے قبل 26 مقامات پر ایمرجنسی کیمپ لگا دئیے گئے ہیں۔ ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز نے ہدایت کی ہے کہ بارش شروع ہونے کی صورت میں عملہ فیلڈ میں متحرک ہوجائے، تمام ڈسپوزل سٹیشنز میں سو فیصد آپریشن کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی واٹرنگ سیٹس کو متعلقہ مقامات پر نصب کر دیا گیا ہے، تمام نالوں اور سیورج لائنز کی صفائی کا تیسرا مرحلہ جاری ہے۔