(ریحان گل) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس کو وزارت بچانے کا ایک اور موقع مل گیا، وزیراعظم پاکستان کو بریفنگ دے کر رام کرنے کی کوشش کریں گے، مرادراس کو وزیراعظم کو 20 منٹ کی بریفنگ دینے کی اجازت مل گئی۔
وزیراعظم پاکستان کے دورہ لاہور کے دوران وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور کچھ وزراء کے قلمدان تبدیل کیے جانے کا امکان ہے، پیف کے معاملے کو صحیح ہینڈل نہ کرنے اور چیئرمین پیف سمیت راولپنڈی کے ارکان اسمبلی کی ناراضی کے باعث صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس کا نام بھی ریڈ زون میں شامل ہے، لیکن ڈاکٹر مراد راس کی جانب سے سفارشیں ڈلوانے کے بعد انہیں وزرات بچانے کا آخری موقع دینے کا عندیہ مل گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور کے دوران ڈاکٹر مراد راس کو 20 منٹ کی بریفنگ دینے کا موقع دیا جائے گا، جس میں وہ اپنی محکمانہ کارکردگی اور مذکورہ تنازعات پر وزیراعظم کو رام کرنے کی کوشش کریں گے، اگر وزیراعظم ڈاکٹر مراد راس کی بریفنگ سے مطمئن ہو گئے تو ان کی وزارت بچنے کا چانس ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج شام لاہور پہنچیں گے، وزیراعظم کل لاہور میں مصروف دن گزاریں گے، وزیراعظم صوبائی کابینہ کے خصوصی اجلاس کی صدارت بھی کریں گے، اجلاس میں لاہور کیلئے مینجمنٹ کی علیحدہ موثر پالیسی مرتب کرنے کیلئے تجاویز وزیراعظم کے سامنے رکھی جائیں گی۔
اجلاس میں پنجاب کے بجٹ پر بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی جائے گی، وزیراعظم کو کورونا کے انسداد کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر بریف کیا جائے گا، اجلاس میں وزراء کی کارکردگی بھی موضوع بحث ہوگی۔
ذرائع کے مطابق بجٹ کے بعد پنجاب کابینہ میں نئے چہرے بھی متعارف کرائے جائیں گے، حسین جہانیاں گردیزی کو اہم وزارت دی جائے گی، محکمہ سپشلائزڈ ہیلتھ ڈاکٹر یاسمین راشد کے پاس جبکہ پرائمری ہیلتھ کا دوسرا وزیر لایا جائے گا۔