مانیٹرنگ ڈیسک: چین میں بھی مون سون کا طوفانی اسپیل شروع ہو گیا۔ شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث بیجنگ میں سینکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔پرائمری سکول اور سیاحتی مقامات بند جبکہ محکمہ موسمیات نے اورنج الرٹ جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق چینی دارالحکومت بیجنگ، تیانجن اور ہیبئی سمیت شمالی چین میں بارشوں کا سلسلہ اتوار کی رات شروع ہوا، جو منگل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ بیجنگ میں پیر کی دوپہر بارہ بجے تک اوسطاً 80.1 اور زیادہ سے زیادہ 177.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔قوجیانگ دریا میں طغیانی کے سبب صوبہ دازہو اور سیشوان میں کئی علاقے زیر آب آ گئے۔ ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
سال کے سب سے بڑے رین سٹورم کے پیش نظر متعدد علاقوں میں پیشگی انتظامات کئے گئے۔ بیجنگ میں اسکولوں اور سیاحتی مقامات کو بند کرنے کے احکامات اتوار کو ہی جاری کر دیئے گئے تھے جبکہ تمام آؤٹ ڈور سرگرمیوں کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ چینی محکمہ موسمیات نے شدید بارشوں کے سبب اورنج الرٹ جاری کر دیا ہے، جو دوسری بلند ترین وارننگ ہے۔ ایوی ایشن ٹریکر نے بیجنگ کے دو ایئرپورٹس پر لگ بھگ 700 پروازوں کی منسوخی ریکارڈ کی ہے جبکہ حکام کی جانب سے 14 دریاؤں میں سیلاب کی پیش گوئی کی گئی ہے۔