سٹی 42:شہر میں تیز بارش اورٹھنڈی ہوا چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا،شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں تیز بارش اور ٹھنڈی ہواؤ ں سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا،شہر کا درجہ حرارت 27ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کی پیش گوئی کر دی گئی ہے،کوٹ لکھپت، گرین ٹاؤن ،ٹاؤن شپ میں بونداباندی ہو رہی ہے۔
دوسری جانب گزشتہ روزسیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سارہ اسلم کا کہنا تھا کہ مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر ازحد ضروری ہیں، شہری زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، خصوصاً بارش کا پانی رہائشی علاقوں میں نہ جمع ہونےدیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری ذمہ داری کا ثبوت دیں اور اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں،گھر کے اندر اور باہر پانی کھڑا نہ ہونے دیں،صفائی کا خیال رکھ کر ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے بھی بارش کا سلسلہ پورا ہفتہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی تھی جبکہ پی ڈی ایم نے شہر میں تیز بارشوں کے پیش نظر اہم وارننگ جاری کر دی تھی۔