شملہ پہاڑی (سعید احمد) قومی تاجراتحاد نے بھی" ہارن بجاؤ ،حکمران جگاؤ" تحریک میں بھرپورشرکت کا اعلان کردیا۔مرکزی صدر قومی تاجر اتحاد ملک خالد نے کہا کہ18 جولائی کواسلام آباد میں پر امن احتجاج کیلئے نعیم میر گروپ کیساتھ ہیں۔
لاہور پریس کلب میں قومی تاجر اتحاد اور آل پاکستان انجمن تاجران کے عہدیداروں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی ۔سیکریٹری جنرل آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر نے کہاہے کہ پورا نظام دھڑام سے گر چکا ہے۔ نکمے حکمران مسلط ہیں جن کومسائل کی سمجھ ہی نہیں آرہی۔18 تاریخ کو ہارن بجاتے ہوئے سر پرکفن باندھ کر اسلام آباد جا رہے ہیں۔
اس وقت تک واپس نہیں آئیں گے جب تک مطالبات نہیں مانے جاتے۔ احتجاج کو مزید تقویت دینے کیلئے اپوزیشن جماعتیں ساتھ دیں۔ مرکزی صدر قومی تاجر اتحاد ملک خالد محمود نے کہاکہ اسلام آباد میں پرامن احتجاج کیلئے نعیم میرکیساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریسٹورنٹس،ہوٹل،شادی ہالز اورسکولز سمیت تمام کاروبار ایس او پیز کیساتھ کھولے۔
صدر مال روڈ ٹریڈرز ایسو سی ایشن سہیل محمود بٹ،چیئرمین قومی تاجر اتحاد شیخ عمرحیات سمیت دیگر عہدیداروں نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام کاروبار کھولیاورتاجروں کے مسائل حل کیے جائیں۔
دوسری جانب شادی انڈسٹری ایکشن کمیٹی کا 13 جولائی کو شملہ پہاڑی پر احتجاج جبکہ 18 جولائی کو تاجروں کی تحریک ہارن بجاؤ حکمران جگاؤ میں بھرپور شرکت کا اعلان کردیا۔ صادق پلازہ میں آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی سیکریٹری جنرل نعیم میر نے آل پاکستان میرج انڈسٹری ایکشن کمیٹی کے مرکزی عہدیدران کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفر نس کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے میرج ہالز والے متاثر ترین لوگ ہیں۔
ہماری تحریک ہارن بجاؤ حکمران جگاؤ کا مقصد یہی ہے کہ متاثرہ فریق کی آواز حکمرانوں تک پہنچائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران سن لیں کہ ہارن بجاؤ حکمران جگاؤ تحریک کا 18 جولائی کو بہت بڑا مظاہرہ ہوگا۔ ہم حکومت کو جھنجھوڑیں گے اور حکومت نہ سمجھی تو اس کو اٹھا کر باہر پھینک دیں گے۔ چیئرمین آل پاکستان میرج انڈسٹری ایکشن کمیٹی ذوالقرنین جگر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پچھلے 120 دن سے شادی ہالز بند ہیں۔