سٹی 42: وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کی طرف سے پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنے کی تاحال کوئی سمری موصول نہیں ہوئی ۔
ذرائع گورنر ہاؤس انتظامیہ کے مطابق ترجمان گورنر ہاؤس نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے کسی بھی قسم کی سمری موصول نہ ہونے کی تصدیق کردی،میڈیا میں ایک سے ڈیڑھ سطر کی تحریر پر مشتمل سادہ کاغذ گردش کرتا ہوا ضرور دیکھا گیاہے ،سادہ کاغذ پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے دستخط بھی ضرور سرکولیٹ ہوتے دیکھے گئے ہیں ۔
گورنر ہاؤس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سادہ کاغذ پر کوئی کچھ بھی لکھ دے تو اسکا یہ مطلب نہیں اس پر عملدرآمد بھی ہوجائے،وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے سمری سرکاری دستاویزات پر ارسال کی جاتی ہیں ،سادہ کاغذ پر ایک سطر کی تحریر کوئی بھی لکھ کر بھیج دے تو یہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی سمری کیسے مانی جاسکتی ہے ،وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے پنجاب حکومت کے لیٹر ہیڈ پر سمریز آتی ہیں،اسمبلی کو تحلیل کرنے کوئی سمری تاحال گورنر ہاؤس کو موصول نہیں ہوئی ۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کیلئے زمان پارک پہنچ گئے، ق لیگ کے رہنما حسین الٰہی بھی وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ ہیں ،ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اوروزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات میں پنجاب اسمبلی توڑنے پر تبادلہ خیال ہو گا۔
پرویز الٰہی سے اتفاق کی صورت میں آج رات ہی اسمبلی کی تحلیل کا امکان ہے،پرویز الٰہی کو قائل کرلیاگیا تو آج ہی اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس گورنر کو بھجوائی جاسکتی ہے ۔
علاوہ ازیں عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے اسمبلی فوری توڑنے کا کہا، پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہناتھا کہ پنجاب اسمبلی توڑنے میں اب تاخیر نہیں ہونی چاہئے ۔