عوام اب براہ راست اپنے حقوق کی جنگ لڑیں گے،مولانا فضل الرحمن

Politicians
کیپشن: Shahbaz Sharif and Molana Fazlur rehman
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)  پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 23 مارچ کو مہنگائی مارچ ہو گا،عوام اب براہ راست اپنے حقوق کی جنگ لڑیں گے۔

 تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ملاقات کی ،ملاقات میں سیاسی و دیگر اہم امور  زیر غور آئے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو  میں مسلم لیگ ن کے صدر  نے کہا  کہ کافی عرصے سے مولانا سے ملاقات نہیں ہوئی تھی، پی ڈی ایم میں ملاقاتیں ہوتی رہیں، مولانا کو مبارک ہو انہوں نے خیبر پختونخوا میں کامیابی حاصل کی، مولانا نے پی ٹی آئی کو شکست دی، ملک مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے، معاشی اور سفارتی چیلنجز ہیں، حکومت نے 22 کروڑ عوام کو معاشی لحاظ سے بدحال کردیا ہے۔ تحریک عدم اعتماد پربالکل بات ہوئی، مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 23 مارچ کو ہونے والا مہنگائی مارچ انقلابی قدم ہوگا، حکومت کے اتحادیوں سے بھی اپیل ہے کہ وہ بھی سوچیں کہ  آخر یہ حکومت کیا کر رہی ہے؟

پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پر بہت کام ہوا، حکومت نے سی پیک کو جمود کا شکار کیا، اس حکومت کو سی پیک کے کسی بھی منصوبے کے افتتاح کا حق نہیں۔ پانچ فروری کوعوام موٹروے پراکٹھے ہوں گے وہ اس پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ منی بجٹ سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئے گا، حکومت کو عوام کا احساس نہیں، بین الاقوامی اداروں کا مفاد عزیز  ہے، موجودہ صورت میں 23 مارچ کا لانگ مارچ اور بھی زیادہ ناگزیر ہوگیا ، پی ڈی ایم  عوام کی آواز بنے گی۔