(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومتی میڈیکل بورڈ نے لندن میں مقیم مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس نامکمل قرار دے کر مسترد کردی۔
میڈیکل بورڈ کا مؤقف ہے کہ امریکی نژاد ڈاکٹر فیاض شاول کی رپورٹس مکمل نہیں ہیں، ڈاکٹرفیاض شاول نے صرف نواز شریف کی صحت پر تحریر بھیجی ہے، کسی میڈیکل ادارے یا لیبارٹری کی میڈیکل رپورٹس ساتھ موجود نہیں۔ میڈیکل بورڈ نے محکمہ صحت پنجاب کو نواز شریف کی رپورٹس پر تحریری طور پر آگاہ کردیا , 9 رکنی میڈیکل بورڈ نے پہلے بھی نواز شریف کی رپورٹس نامکمل قرار دی تھیں۔
واضح رہے کہ نواز شریف کی 3 صفحات پر مشتمل طبی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروائی گئی تھی، جس کے مطابق ڈاکٹرز نے نواز شریف کو سفر کرنے سے روک دیا اور بتایا گیا ہے کہ کلثوم نواز کی وفات کے بعد سابق وزیراعظم زیادہ دباؤ میں ہیں، اور اگر وہ علاج کے بغیر پاکستان گئے تو ان کی حالت بگڑ سکتی ہے، ذہنی دباؤ کے ماحول میں ان کی بیماری مزید بگڑ سکتی ہے۔