(ملک اشرف) لاہور سمیت صوبہ بھر کے وکلاء کے قانونی و اخلاقی معیارکو مزید بہتر کرنے کیلئے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی سے وکلاء کو ٹریننگ دلوائی جائے گی، وائس چیئرمین پنجاب کہتے ہیں وکلاء کی ججز کی طرز پر تربیت ہوگی تو ان کے خلاف لڑائی جھگڑے کی شکایات میں بھی کمی آ ئے گی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بار کے وائس چیئرمین شاہنواز اسماعیل گوجر اور ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی کے درمیان ملاقات ہوئی، ملاقات میں سیکرٹری پنجاب بار جبران خلیل، سابق صدر ہائیکورٹ بار چوہدری ذوالفقار سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں وکلاء کو جوڈیشل اکیڈمی سے ٹریننگ دلوانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، وائس چیئرمین پنجاب بار چوہدری شاہنواز اسماعیل گوجر نے ڈی جی جوڈیشل سے وکلاء کی ججز کی طرز پر ٹریننگ دینے کے حوالے سے مذاکرات کئے۔
اس موقع پر ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی نذیر احمد گجانہ کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کی منظور ی ملتے ہی وکلاء کے ٹریننگ پروگرام شروع کردیں گے۔