( جنید ریاض ) صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن مراد راس کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کے سکولوں میں منشیات کا بے تحاشا استعمال کیا جارہا ہے، بچوں کے بلڈ ٹیسٹ کرایں گے، کرپشن کے ناسور سے بچنے کے لئے ٹرانسفر پالیسی کو بھی آن لائن کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلشن کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن مراد راس کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر کے سکولوں میں منشیات کی روک تھام کے لئے بھرپور مہم چلائی جائے گی، اس دوران بچوں کے بلڈ اور یورن ٹیسٹ بھی ہونگے۔
مراد راس کا کہنا تھا کہ سکول ایجوکیشن نے پنجاب بھر کے سکولوں کا ڈیٹا سافٹ ویئر کے ذریعہ آن لائن کردیا ہے، سکولوں کو رجسٹرڈ کرانے کے لئے مالکان کو 60 دن کی مہلت دے رہے ہیں، جس کے بعد ضلع انتظامیہ کی مدد سے سکول سیل کردیا جائے گا، فیسوں کے معاملے پر بچوں کو ہراساں کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں ہوگی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ سکولوں کی فیسوں کی کمی بارے سپریم کورٹ کے ہر فیصلے پر عملدرآمد کریں گے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ ٹرانسفر پالیسی میں سب سے زیادہ خواتین کو ریلیف دیا گیا ہے۔