(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ میں جج کی تبدیلی کے باعث لیگی رہنما حنیف عباسی کی سزا معطلی کی اپیل پر سماعت کرنے والا دو رکنی بنچ تحلیل ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق لیگی رہنما حنیف عباسی کی سزا معطلی کی اپیل پر سماعت کرنے والا بنچ سربراہ جسٹس سردارمحمد سرفراز ڈوگر کے ملتان بنچ جانے کے باعث تحلیل ہوا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار شمیم خان کی منظوری کے بعد حنیف عباسی سمیت دیگر منشیات کیسز کی سماعت کے لئے نیا ڈویژن بنچ تشکیل دے دیا گیا۔ جسٹس راجہ شاہد محمود عباسی کی سربراہی میں نئے دو رکنی بنچ میں جسٹس فاروق حیدر شامل ہیں۔ ڈویژن بنچ آج سے دو مارچ تک منشیات کیسز کی سماعت کرے گا۔ اس حوالے سے ترمیمی ججز روسٹر جاری کر دیا گیا۔