پنجاب میں گیس بحران شدت اختیار کر گیا

پنجاب میں گیس بحران شدت اختیار کر گیا
کیپشن: City42 - Gass shortage
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (شاہد سپرا) موسم تبدیل ہوتے ہی پنجاب میں گیس کا بحران ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی نے صنعت، سی این جی اور پاور پلانٹس سمیت دیگر سیکٹرز کو گیس کی فراہمی معطل کر دی۔

 پاور پلانٹس کو گیس بند ہونے پر بجلی کا بحران پیدا ہونے کے خدشات بھی پیدا ہو گئے۔ موسم میں تبدیلی کے باوجود گیس بحران پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ جس کی وجہ سے شہر سمیت پنجاب بھرکی صنعتوں کو ایک بار پھر گیس کی فراہمی معطل کر دی گئی ہے۔ سوئی ناردرن کی جانب سے کھاد بنانے والی فیکٹریوں اور سی این جی سٹیشنز کو بھی گیس بند کی گئی ہے۔

سوئی ناردرن حکام کے مطابق پی ایس او کارگو کے لنگر انداز نہ ہونے کے سبب ٹی ون اینگرو ٹرمینل سے آر ایل این جی ری گیسیفکیشن کم ہوکر 220 ایم ایم سی ایف ڈی رہ گئی ہے۔

 اس وقت دستیاب آر ایل این جی کی مقدار چھ سو ایم ایم سی ایف ڈی ہے۔ ایل این جی کی درآمد متاثر ہونے کی وجہ سے گیس فراہمی معطل ہے۔سسٹم میں صرف چار ملین ایل این جی موجود ہے۔صورتحال میں بہتری کے ساتھ ہی گیس فراہمی بھی بحال کردی جائے گی۔

دوسری جانب شہریوں کوگیس کے بھاری بلوں کے علاوہ کنکشن منقطع کرنے کے حوالے سے جعلی نوٹس بھی ملناشروع ہوگئے ہیں۔مافیا نے میٹر خراب ہونے اور زائد بل بھجوانے کی دھمکی پر مبنی جعلی نوٹسز گھروں میں بھجوا دیئے۔ نوٹسزپر کمپنی کی مہر اور موبائل نمبر بھی درج ہیں۔نوٹسزمیں کہاگیاہے کہ سات روز میں رابطہ کیا جائے۔ ورنہ کنکشن کاٹ دیا جائیگا۔ صارفین کی بڑی تعداد شکایات لے کر ایس این جی پی ایل کے کسٹمر سروسز سنٹر پہنچ گئی۔

شکایات موصول ہونے پر سوئی ناردرن گیس کمپنی نے وضاحت جاری کر دی۔ سوئی ناردرن حکام کے مطابق گھروں میں جانے والے نوٹسز سے کمپنی کا کوئی تعلق نہیں۔نوٹس ملنے پر فوری طور پر متعلقہ دفتر سے رجوع کریں۔

Sughra Afzal

Content Writer