ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پی آئی سی حملہ، جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے امداد کا اعلان

پی آئی سی حملہ، جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے امداد کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( علی اکبر ) پنجاب حکومت نے پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی کے دوران جاں بحق ہونے والے مریضوں کے لواحقین کو 10، 10 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کر دیا۔ وزیر اعلی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں اور دیگر لوگوں کی گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے گا۔        

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس ہوا جس میں پی آئی سی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے مختلف پہلوؤں اور کیس پر ہونے والی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلی کی جانب سے ہنگامہ آرائی کے دوران جاں بحق ہونے والے مریضوں کے لواحقین کیلئے مالی امداد کا اعلان کیا گیا۔ پنجاب حکومت جاں بحق مریضوں کے لواحقین کو 10، 10 لاکھ روپے مالی امداد دے گی۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں اور دیگر لوگوں کی گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں آلات، مشینری اور دیگر سامان کو جلد ازجلد درست حالت میں لایا جائے، جن لوگوں نے زیادتی کی ہے ان سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف دو مقدمات درج کر لئے گئے ہیں جبکہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں حفاظتی انتظامات کے تحت رینجرز کو تعینات کر دیا گیا ہے-

اجلاس میں صوبائی وزراء راجہ بشارت، میاں محمودالرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد، ہاشم ڈوگر، تیمور بھٹی، چیف سیکرٹری، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، انسپکٹر جنرل پولیس، متعلقہ محکموں کے اعلی حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔