انوار الحق کاکڑ نگران وزیراعظم، صدر مملکت نے سمری پر دستخط کردیے

Anwarul Haq, Prime Minister, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

   سٹی42:  بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنانے  کی سمری پر صدر مملکت نے بھی دستخط کردیے ہیں۔

ہفتہ کے روز وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں  نگران وزیراعظم کے حوالے سے مشاورت کا دوسرا دور ہوا جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف انوار  الحق کاکڑ کو نگراں وزیراعظم بنانے کی سمری پر دستخط کرنے کے بعد لاہور روانہ ہوگئے جہاں ان کی اہلیہ نصرت شہباز علیل ہیں۔

ترجمان ایوان صدر کا کہنا ہےکہ صدر مملکت عارف علوی نے نگران وزیراعظم کے لیے بھیجی گئی سمری پر دستخط کردیے ہیں۔

ترجمان کے مطابق صدر مملکت نے انوارالحق کاکڑ کی بطور نگران وزیراعظم تعیناتی کی منظوری آئین کےآرٹیکل 224 ایک اےکے تحت دی ہے۔

ترجمان وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ وزیراعظم شہباز شریف نے قائد حزب اختلاف کا مشاورتی عمل میں تعاون پر شکریہ ادا کیا ہے اور وزیراعظم نے 16 ماہ میں بطور بہترین حزب اختلاف کی قیادت پر بھی شکریہ ادا کیا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم کی سکیورٹی دے دی گئی ہے۔

وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنائے جانے کی تصدیق کی۔

راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ انوار الحق کاکڑ کا نام میں نے دیا تھا، وزیراعظم شہباز شریف اور میرے درمیان انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنانے پر اتفاق ہوگیا ہے اور وزیراعظم نے اس فیصلے پر دستخط بھی کردیے ہیں۔