کورونا میں کمی پر بل گیٹس نے بھی پاکستان کی تعریف کردی

کورونا میں کمی پر بل گیٹس نے بھی پاکستان کی تعریف کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (مانیٹرنگ ڈیسک) مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی پر پاکستان کی تعریف کردی۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این سے بات کرتے ہوئے بل گیٹس نے جنوبی ایشیائی ممالک میں کورونا کیسز میں نمایاں کمی کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا کی صورت حال کو بہتری کی جانب گامزن قرار دیا جب کہ بھارت میں بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا۔

سی این این کے میزبان فرید زکریا کے شو میں پاکستان میں کورونا کیسز کے جنوری سے اگست تک کا گراف دکھاتے ہوئے بل گیٹس کا کہنا تھا کہ ابتدا میں کورونا وبا کے متاثرین کی شرح خاصی خطرناک رہی لیکن اب کیسز میں تیزی سے کمی آرہی ہے، یعنی اب وہاں یورپ جیسی صورتحال ہے جو کہ خوش آئند ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بل گیٹس نے رواں سال کورونا کے خلاف مؤثر علاج ملنے کی امید دلائی تھی۔ بل گیٹس نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اینٹی وائرل ادویات اور اینٹی باڈی تھراپیز کی بدولت کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی شرح میں اس سال کے آخر تک نمایاں کمی لانے میں مدد مل سکے گی۔

واضح رہے کہ  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 531 کیسزاور15 اموات رپورٹ ہوئیں، جس کے بعد ملک بھرمیں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 85 ہزار191 اورایکٹیو کیسز کی تعداد 17 ہزار 833 ہے، ملک بھر میں اب تک 21 لاکھ 65 ہزار 811 افراد کے کورونا ٹیسٹ ہو چکے ہیں، ملک بھر کے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں 146 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں، دولاکھ 61 ہزار246 پاکستانیوں نے کورونا وائرس کو شکست دیدی۔

Sughra Afzal

Content Writer