(حسن علی)برائلر کی رسد میں بہتری سے قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے قیمت مزید کم ہوگئی، زندہ مرغی مزید 5 روپے کمی کے بعد 119 روپے کلو ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں برائلر مرغی کا گوشت مزید سستا ہوگیا جس کی اہم وجہ برائلر کی رسد میں بہتری ہونا،شہر میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں کمی ہونے پر قیمت 7 روپے کم ہوکر 173 روپے فی کلو مقرر ہوگئی جبکہ زندہ مرغی مزید 5 روپے کمی کے بعد 119 روپے کلو ہو گئی۔
گزشتہ دنوں قیمت میں اضافہ بھی دیکھنے میں آیاتھا مگر دوسرے روز ہی برائلر کی رسد میں بہتری کے باعث قیمت میں 10 روپے فی کلو کمی ہونے پر180 روپے ہوگئی تھی،زندہ مرغی 7 روپے کلو کمی کے بعد 124 روپے مقرر تھی۔شہریوں کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ مرغی کے گوشت کی قیمت کو مستحکم رکھنے کے ساتھ ساتھ فارمی انڈوں کی قیمت میں کمی کیلئے اقدامات کرے۔
دوسری جانب منافع خوروں نے کوئی موقع ہاتھ سے نہ جانے کی ٹھان رکھی ہے، سبزیوں کی من مانی قیمت پر فروخت کا سلسلہ دھڑلے سے جاری ہے،گزشتہ روز سرکاری نرخنامے میں 10 سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔
شہر میں موسمی سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ نہ رک سکا اور سرکاری نرخنامے کی بجائے من مانی قیمتوں کی دھڑلے سے فروخت جاری رہی۔ شہر کے کسی بھی علاقے میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کروانے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نظر نہ آئے۔
شہر میں ٹماٹر 80 سے 100، پیاز 60 سے 70، آلو 70 سے 90، لہسن 300، ادرک 500 روپے فی کلو میں ہی فروخت ہوتا رہا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئےکوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کئے جا رہے۔