ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

قائد حزب اختلاف کون ہوگا؟ چند نام سامنے آگئے

قائد حزب اختلاف کون ہوگا؟ چند نام سامنے آگئے
کیپشن: Leader of the Opposition
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : قومی اسمبلی  میں قائد اختلاف کا عہدہ خالی ۔ اگر پاکستان تحریک انصاف مستعفی ہونے کا فیصلہ نہ کرتی تو سابق وزیراعظم عمران خان یا شاہ محمود قریشی قائد حزب اختلاف بن جاتے تاہم ان کے مستعفی ہونے کے بعد ایک بڑا سوال یہ ہے کہ قائد حزب اختلاف کون ہوگا؟ 
قومی اسمبلی کے قواعد  کے مطابق انتخابات کے فوری بعد وہ جماعتیں جو اپوزیشن نشستوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کرتی ہیں ان میں سے اکثریتی تعداد تحریری طور بھی قائد حزب اختلاف نامزد کرکے سپیکر کو آگاہ  کرتی ہے جس پر سپیکر قائد حزب اختلاف کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیتا ہے۔ اگر اپوزیشن ارکان قائد حزب اختلاف تبدیل کرنا چاہیں تو  وہ کسی بھی دوسرے رکن کو نامزد کر سکتے ہیں۔ 
 تاہم اب جبکہ ایوان میں سب سے زیادہ تعداد رکھنے والی جماعت مستعفی ہو چکی ہے تو قائد حزب اختلاف کے لیے تین آپشنز باقی بچتے ہیں۔
سب سے پہلا آپشن پاکستان تحریک انصاف کے وہ ارکان جو پارٹی فیصلے کے خلاف ایوان سے مستعفی ہونے سے انکار کرتے ہیں اور خود کو ایک پارلیمانی گروپ کے طور پر ایوان میں رکھتے ہیں تو ان کی تعداد پھر بھی کسی بھی دوسری جماعت سے زیادہ ہے اور وہ اپنے کسی ایک رکن کو نامزد کر سکتے ہیں۔
تحریک انصاف کے منحرف ارکان کے علاوہ جی ڈی اے ایسی جماعت ہے جس کے پاس چار نشستیں ہیں اور اگر وہ اپنی اتحادی تحریک انصاف کے برعکس ایوان میں رہنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو سابق سپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا نام قائد حزب اختلاف کے لیے سامنے آ سکتا ہے۔ اگر وہ قائد حزب اختلاف بنتی ہیں تو بے نظیر بھٹو کے بعد وہ دوسری خاتون قائد حزب اختلاف ہوں گی۔
اسی طرح ایم ایم اے سے الگ ہونے والے جماعت اسلامی پاکستان کے رکن عبدالاکبر چترالی کی جماعت کا دعویٰ ہے کہ باقی تمام ارکان کسی نہ کسی صورت حکومت کا ہی حصہ ہوں گے اس لیے ان کے اکلوتے رکن ہی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر سکتے ہیں اس لیے انھیں قائد حزب اختلاف بنایا جائے۔ 
پاکستان میں کچھ عرصہ پہلے تک قائد حزب اختلاف کا عہدہ حکومت مخالف عہدہ ہی سمجھا جاتا تھا جو ایوان میں حکومتی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنانے، احتجاج کرنے اور اپوزیشن ارکان کی قیادت تک محدود تھا۔ تاہم 2008 کے بعد قائد حزب اختلاف کو پارلیمان کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کی روایت کے ساتھ ساتھ چیف الیکشن کمشنر، ممبران الیکشن کمیشن، چیئرمین نیب سمیت متعدد آئینی عہدوں پر تعیناتی کے لیے وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کے درمیان بامعنی مشاورت کو یقینی بنانے کے حوالے قانون سازی کی گئی ہے۔ 
شراکتی جمہوریت کے اس نظریے کے تحت اسمبلی کی مدت مکمل ہونے پر نگران وزیراعظم کے تقرر کے لیے بھی پہلا مرحلہ وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف کے درمیان مشاورت آئینی تقاضا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف کے مستعفی ہونے کے فیصلے کو اس تناظر میں بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کہ وہ قومی سطح پر مشاورتی عمل سے مکمل طور پر نکل جائیں گے۔

M .SAJID .KHAN

Content Writer