( عمر اسلم ) صدر مسلم لیگ (ن) میاں شہبازشریف کی ن لیگی ارکان اسمبلی سے ملاقات، کہتے ہیں حکومت کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے کوئی حکمت عملی نہیں بنا سکی، فلاحی کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔
مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں لیگی ارکان اسمبلی سے ملاقات میں صدر ن لیگ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، حکومت کے کام ہم کررہے ہیں۔
ارکان اسمبلی کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گلیوں، محلوں میں پھیل جائیں، پارٹی وابستگی سے بالاترہوکر عوام کی خدمت کریں۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے جبکہ حکومت کا کام بھی اپوزیشن کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور طبی عملے میں کورونا کی بڑھتی ہوئی شرح پر تشویش ہے، حکومت کو چاہئے کہ ان کی حفاظت کے لئے اقدامات کرے۔
میاں شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں عطااللہ تارڑ، شائستہ پرویزملک، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان، خواجہ عمران نذیر، غزالی سلیم بٹ، رانا مشہود احمد خاں، میاں مرغوب احمد اور کرنل رمبشر جاوید سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔